اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت پاک چین اقتصادی راہداری پر تفصیلی اجلاس

39

اسلام آباد (صباح نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم اجلاس میں قراردیا گیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ساحلی علاقے خطے میں تجارت کا منبع ہونگے، ملک میں ریل کا نظام وسیع اور آسان بن جائے گا، پاک۔چین تعلقات ناقابل تسخیر ہیں،سی پیک پر حکومت سمیت پوری قوم کا عزم غیر متزلزل ہے ،یہ منصوبہ قومی ترجیحات میں شامل ہے اور اسے پایا تکمیل تک پہنچا یا جائے گا، پاکستان اور چین اسٹرٹیجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک سی پیک سمیت دیگر تمام شعبوں میں تعاون کو مزیدمستحکم اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدار ت پاک چین اقتصادی راہدار ی پر تفصیلی
اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں پرویزخٹک وفاقی وزیر برائے دفاع، قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، خسرو بختیار وزیر پلاننگ ڈولپمنٹ اینڈ ریفارمز، وزیر اعلیٰ پختونخوا محمود خان و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دی ۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک۔ چین دوستی خطے اور علاقائی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ وسطی ایشیائی ممالک کے لیے بھی ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ سی پیک منصوبے کی جلد تکمیل دونوں ممالک کی حکومتوں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے سے دونوں ممالک کی عوام کے مستقبل وابستہ ہیں اس کی تکمیل ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ملاقات میں سی پیک منصوبے کی جلداز جلد تکمیل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
تفصیلی اجلاس

Print Friendly, PDF & Email
حصہ