ملک کو مدینہ منورہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، ڈاکٹر عبدالرشید

61

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ملک میں ہر اچھے کام اور قومی مفاد کے تحت ہونے والے اقدامات کی کھلے دل سے حمایت کرتی ہے بالکل اس میں عملاً اپنا حصہ ڈالتی آئی ہے، جس کی تازہ مثال سینیٹر سراج الحق امیر جماعت اسلامی، لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور دیگر رہنماؤں کا حکومت اور چیف جسٹس کی جانب سے اعلان کردہ ڈیم بنانے کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم میں فنڈ جمع کرانا ہے، دراصل یہ جماعت اسلامی کے کارکنان کو اپنے امرا کا سافٹ پیغام ہے۔ یہ باتیں ڈاکٹر عبدالرشید سابق صوبائی صدر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) اور ضلع جیکب آباد نے اپنے ایک بیان میں کہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ایک اصولی تنظیم ہے جو اپنی دی ہوئی پالیسی پر من و عن عمل پیرا ہوتی ہے، اسی پالیسی کا یہ حصہ ہے کہ اگر نئی حکومت کوئی بھی اچھا کام کرے گی جماعت اسلامی اس کی تعریف کرنے میں قطعی کبھی بخل سے کام نہیں لے گی۔ جماعت اسلامی کا ویژن ہے کہ ملک کو مدینہ منورہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ اب اگر حکومت یہ کام کرتی ہے تو جماعت اسلامی کے کارکنان اس معاملے میں غیر مشروط حمایت و مدد کر رہے ہیں۔ انہوں اپنے بیان مزید کہا ہے کہ جماعت اسلامی پر تنقید کرنے والے بھی یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ملک کی واحد جمہوری پارٹی اور ملک دوست جماعت اگر ہے تو جماعت اسلامی ہے اور اس کی ذیلی تنظیمیں بھی بغیر کسی تعصب و مسلک و مذہب کے انسانیت کی خدمت میں مشغول ہیں۔ ان تمام باتوں کے تناظر میں عوام کو چاہیے کہ وہ اب جماعت اسلامی کو ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے لیے ایک موقع ضرور دیں تاکہ اسلامی فلاحی ریاست سے استفادہ کر سکیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ