اہم خبریں

97

4 نئے وفاقی وزرا آج حلف اٹھائیں گے
اسلام آباد (صباح نیوز/ آن لائن) وفاقی حکومت کے نئے وزرا کی گزشتہ روز ملتوی ہونے والی تقریب حلف برداری آج (منگل) ہوگی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایوان صدر میں وفاقی کابینہ میں شامل کیے گئے مزید وزرا کی حلف
برداری پیر کو ہونا تھی تاہم مہمانوں کے فوری دستیاب نہ ہونے کے باعث تقریب آج تک ملتوی کردی گئی۔ واضح رہے کہ عمر ایوب خان وفاقی وزیر برائے توانائی، علی زیدی ساحلی امور، محمد میاں سومرو وفاقی وزیر نجکاری ہوں گے جبکہ مراد سعید کے قلمدان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ نئے وزرا کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد26 ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے وزیر مملکت کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت کر لی، حکومت نے محمد میاں سومرو کو وفاقی وزیر نجکاری بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ایوان صدر کو بجھوائی گئی سمری میں محمد میاں سومرو کو وزیر مملکت کا عہدہ تجویز کیا گیا تاہم محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت کی حیثیت سے حلف لینے سے معذرت کرلی۔

خیبر پختونخوا: یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان
پشاور (اے پی پی)حکومت خیبر پختونخوا نے محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی صورت میں یکم محرم الحرام 1440 ہجری کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔ اعلان ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کیا گیا۔

عارف علوی کی خالی نشست NA-247 پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرعارف علوی کی خالی کردہ نشست پر 12 ستمبر کو پبلک نوٹس جاری ہوگا۔ این اے 247
کے ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات 13 سے 15 ستمبر تک جمع ہونگے، حلقہ این اے 247 پر ضمنی الیکشن 21 اکتوبر ہوگا۔ ضمنی انتخاب کے لیے حیدرآباد کے الیکشن کمشنر امتیاز علی کلہوڑو کو ریٹرننگ افسر تعینات کیا گیا ہے۔ اسی حلقے کی صوبائی نشست گورنر سندھ عمران اسمعیل نے خالی کی ہے پی ایس 111 پر بھی ضمنی انتخاب 21 اکتوبر کو ہوگا۔

سینیٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو بلانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو طلب کیا
جائے گا، جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے جبکہ 14 ستمبر سے قومی اسمبلی کا معمول کا اجلاس شروع ہوگا۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 70واں یوم وفات آج منایا جائے گا
اسلام آباد (اے پی پی) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 70 واں یوم وفات آج (منگل) عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر مساجد میں ان کے بلندی درجات کے
لیے دعائیں کی جائیں گی۔ ملک بھر میں مختلف تقریبات میں انہیں بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جس میں تحریک پاکستان کے شہدا اور غازیوں سمیت ملک و قوم کی خوشحالی، استحکام و فلاح کیلیے خصوصی دعائیں بھی مانگی جائیں گی۔ الیکٹرونک میڈیا پر خصوصی پروگراموں اور اخبارات میں خصوصی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

سمندر پار پاکستانیوں کیلیے ووٹ کی رجسٹریشن 15ستمبر تک ہوگی
اسلام آباد( آئی این پی )سمندر پار پاکستانیوں کیلیے ووٹ کی رجسٹریشن 15ستمبر تک ہوگی، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی ضمنی انتخابات 2018ء میں شرکت کویقینی بنانے کے سلسلے میں رجسٹریشن 15ستمبر 2018ء تک جاری رہے گی، بیرون ملک پاکستانی ووٹ کی رجسٹریشن جلد از جلد کرالیں تاکہ اپنا حق رائے دہی آئی ووٹنگ سسٹم کے ذریعے استعمال کر سکیں۔ رجسٹریشن الیکشن کمیشن کی ویب سائٹwww.ecp.gov.pk یا www.overseasvoting.gov.pk پر 15ستمبر 2018ء تک ہوگی، سیکرٹری خارجہ کو پہلے ہی خط لکھا جا چکا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کو ہدایت کی جائے کہ تمام ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے سمندر پاکستانیوں کو مطلع کیا جائے تاکہ وہ اپنے اپنے حلقوں جن میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ