کراچی کے عوام جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں، سینیٹر سراج الحق

814

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں حکمرانوں اور ان کے وزیروں اور مشیروں کے سوا پوری قوم متاثرہے، سرکاری دفاتر میں عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے، اگر حکومت 900 سے زائد دنوں میں کراچی کی گلیوں، چوکوں وچوراہوں اور ندی نالوں سے کچرا صاف نہیں کرسکتی تو 22 کروڑ عوام کے مسائل کیسے حل کرسکتی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے جس طرح پوری قوم کو مایوس کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ  نورحق میں شہریوں کی شکایات اور داد رسی کے لیے پبلک ایڈکمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے آن لائن ویب پورٹل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزیر نے اعلان کیا تھا کہ کراچی کے لیے اتنی زیادہ نوکریاں ہوں گی کہ نوکریاں زیادہ ہوں گی اور امید وار کم ہوں گے، میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ بتائیں ملازمتیں کہاں ہیں؟، حکومتوں کا کام صرف ٹیکس جمع کرنا نہیں عوام کو تعلیم و صحت جیسی بنیادی ضروریات فراہم کرنا بھی ہے، حکمران اور اپوزیشن جماعتیں آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے آپس میں دست و گریباں ہیں، عوام کا کسی کو خیال نہیں ہے، ایک مخصوص ٹولہ اور طبقہ نسل در نسل ملک پر مسلط ہے، عوام کو حق کے لیے نکلنا ہوگا، کراچی کے عوام جماعت اسلامی کا دست و بازوبنیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے کراچی کے مظلوم عوام کی ترجمانی کی ہے اور مایوس و پریشان شہریوں کے لیے ادارہ نورحق کو مرکز بنادیا ہے، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ سرکاری دفاتر میں عوام کا استقبال کرکے ان کا مسئلہ حل کیا جاتا لیکن عملا سرکاری دفاتر میں عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جاتاہے، اسٹیل مل کے ہزاروں ملازمین 15 روز سے شدید سردی میں دھرنا دیے ہوئے ہیں اس کے باوجود حکومت کی کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم کہیں گے کہ اسٹیل مل کے ملازمین مجھے بلیک میل کررہے ہیں،غریب ومزدور یہ حق رکھتا ہے کہ پوری ریاست ان کا مسئلہ حل کرے، ملک کے ادارے تباہ ہوگئے ہیں، پاکستان میں اس وقت صرف دو پارٹیاں ہیں ایک ظالم اور دوسری مظلوم کی، ظالم رنگ، جھنڈے اور پارٹیاں تو بدلتا ہے لیکن اپنا کردار نہیں بدلتا، 73 سا ل سے ملک میں ایک ہی طبقہ مسلط ہے، ملک میں جاگیردار اور کرپٹ مافیا کا راج ہے جس سے اب عوام کو نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی کے شہری جماعت اسلامی سے امید اور توقع رکھتے ہیں کہ واحد جماعت اسلامی ہی ہے جو مظلوم عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کئی متاثرین ایسے ہیں جوپبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کا حصہ بن چکے ہیں اور جدوجہد میں شانہ بشانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کراچی کے عوا م کے لیے صحت، تعلیم سمیت دیگر بنیادی ضروریات ہی میسر نہیں ہے، کراچی میٹروپولیٹن شہر ہے جہاں پبلک ٹرانسپورٹ تک نہیں ہے،ماضی میں اسی شہر میں ٹرام،سرکلر ریلوے اور سرکاری بسیں چلاکرتی تھیں لیکن حکمرانوں نے سوچی سمجھی سازش کے تحت سب کچھ ختم کردیا۔