نا اہل حکومت کے دھڑن تختے تک تحریک جاری رہیگی ، فضل الرحمٰن

332

 

 

لکی مروت(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کے دھڑن تختے تک تحریک جاری رہے گی۔سرائے نورنگ میں سابق رکن قومی اسمبلی ، شیخ الحدیث مولانا امان اللہ خان مرحوم کی یاد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے مزید کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر بھارت کے قبضے کو قانونی قرار دے دیا ہے ،بھارت پورے خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے،آج نااہل حکمرانوں نے اسے اس خطے میں بالادستی قائم کرنے کا موقع فراہم
کیاہے۔انہوں نے کہا کہ بات اسرائیل کو تسلیم کرنے کی نہیں بلکہ دنیا پر اسرائیل کی بالادستی لانے کی راہ ہموار کی جارہی ہے ،کہاں ہیں اسلامی دنیا کے وہ حکمران جو اپنی قوموں کی آزادی کے لیے ڈٹ جایا کرتے تھے اور خون کا نذرانہ تک پیش کرنے سے نہیں کتراتے تھے،آج مسلم دنیا کے حکمران عالمی قوتوں کے سامنے سر نگوں ہیں، اسرائیل کے معاملے پر جے یو آئی قوم کی آواز بنے گی اور ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا نالائق حکمران کسی نے نہیں دیکھا جسے قوم آج بھگت رہی ہے،قوم کی غیرت کا تقاضا ہے کہ ہمارے اوپر ایسے حکمران مسلط نہ رہیں اورنہ انہیںبرداشت کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں اور سیاسی کارکنوں پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں ، انہیں تھانوں میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ بند کیا جارہا ہے لیکن اب حکمرانوں کاکوئی حربہ کامیاب نہیں ہوگا۔فضل الرحمن نے واضح کیا کہ جلیں تحریک کو روک سکتی ہیں نہ حکمرانوں کا جبر، یہ تحریک نااہل حکومت کے دھڑن تختے تک چلتی رہے گی،موجودہ حکمران ناجائز ، بدکردار،بد اخلاق اور نالائق ہیں، انہوں نے معیشت تباہ کردی،ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے اشاریے صفر سے نیچے ہیں اور تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم ایک مشکل میں مبتلا ہے اور ایسے حالات میں اگر کوئی جرنیل اس حکومت کی حفاظت کرتا ہے تو قوم کا گلہ بنتا ہے اور یہ گلہ جائز ہے اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے آپ ہی دھاندلی اور اس نااہل حکومت کے لانے کے ذمے دار ہیں اور اسے مزید سپورٹ کرکے غلطی کررہے ہیں،جب ہم چاہتے ہیں کہ دفاع طاقتور اور فوج مضبوط ہو تووہ ہمیں کیوں کمزور دیکھنا چاہتے ہیں، آئین کے تحت ہر ادارہ اپنا کردار ادا کرے اور دیگر اداروں کے کام اور معاملات میں مداخلت نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ سابقہ جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا اور یہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔