پنجاب حکومت کو گندم سے متعلق تفصیلات پیش کرنیکا حکم

150

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے گندم سے متعلق پنجاب حکومت کے فیصلے کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں سے گندم نہ خریدنے کے خلاف ایڈووکیٹ فرحت منظور چانڈیو کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے 3900 روپے گندم کی خریداری کی پالیسی جاری کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کو کسانوں سے فوری سرکاری نرخوں پر گندم خریدنے کا حکم دے۔

ایڈووکیٹ فرحت نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو 22 اپریل سے کسانوں سے گندم کی خریداری شروع کرنی تھی۔ لیکن کسانوں سے گندم کی خریداری شروع نہیں کی گئی۔ بارشوں کی وجہ سے کسان مافیا کو گندم سستے داموں میں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔

عدالت نے کہا کہ عدلیہ حکومت کے پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔ آئندہ سماعت پر پنجاب کابینہ گندم سے متعلق فیصلے سے عدالت کو آگاہ کرے گی۔