اے پی سی: سلیکٹڈ حکومت کو کوڑے دان میں ڈالنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں: شہباز شریف

450

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کو کوڑے دان میں ڈالنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جمہوریت صرف نام کی ہے، انتخابات میں سیاسی انجینیرنگ ہوئی، آمریت کے باعث ہر شعبہ تنزلی کا شکارہوگیا، 2018 کے انتخابات کے بعد سلیکٹڈ حکومت آئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ مر جائیں گے مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، اس پر ایوان کی کمیٹی قائم کی گئی لیکن دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی نے ایک انچ سفر نہیں کیا، سلیکٹڈ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ آر ٹی ایس بند ہونے کے معاملےکی تحقیقات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب نے تباہی مچائی اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو توفیق نہ ہوئی کہ لوگوں کی امداد کرسکیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پہلے چینی ایکسپورٹ کر کے قیمتیں بڑھائی گئیں اور اب امپورٹ کی جا رہی ہے، ان کو احتساب کرنا ہوتا تو سب سے پہلے کابینہ میں بیٹھے لوگوں کا کرتے، احتساب کے نام پر اندھا انتقام ہو رہا ہے، حکومت کا احتساب نہ کیا اور خاموشی اختیار کی تو یہ جرم بن جائے گا ہم اس کا حصہ بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اے پی سی پر ہیں کہ ہم کیا فیصلے کرتے ہیں، میڈیا کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے، حکومت ہر لحاظ سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

شہباز شیف نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نام لینے سے ڈرنا چاہیے، اس پاک نام کو سیاست میں نہیں لینا چاہیے، حکومت کو کوڑے دان میں ڈالنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، موجودہ حکومت نے سعودی عرب کے معاملے کو مس ہینڈل کیا۔