امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہا ہوں، سردار سکندر راہپوٹو

157

سہون (نمائندہ جسارت) رکن قومی اسمبلی سردار سکندر راہپوٹو نے کہا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ افراد کی بھرپور امداد کے لیے ضلعی انتظامیہ کو احکامات جاری کرنے کے ساتھ میں ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہا ہوں۔ اس مشکل وقت میں پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ دانتسر نہر کے ٹوٹے دروازے کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن ر فرید الدین مصطفی نے کہا کہ منچھر جھیل کے دانستر نہر پر ٹوٹے ہوئے دروازے لگانے کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ محکمہ آبپاشی کے انجینئرز ٹیکنیکل عملے کے ہمراہ مسلسل کام کررہے ہیں، دروازہ ٹوٹنے کے سبب چار پانچھ دیہات کے تقریباً ساڑھے تین سو خاندان متاثر ہوئے ہیں جن کو امداد دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ فوری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ میڈیا غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کرے تا کہ لوگوں میں خوف و ہراس پیدا نہ ہو اور انتظامیہ کی کوتاہی کی نشاندہی کی جائے تاکہ ہم بروقت اقدامات اٹھا کر متاثرین کو ریلیف فراہم کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار اظہار انہوں نے سہون کے نزدیک دانستر نہر کا ٹوٹا دروازہ لگانے کے کام کی نگرانی کرنے اور متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خصوصی احکامات پر گزشتہ روز سے میں سہون میں ہوں اور بارشوں سے متاثرہ لوگوں کی امداد کی ذاتی طور پر نگرانی کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بارش متاثرین کو نزدیکی اسکولوں میں منتقل کردیا ہے، جہاں ان کے کھانے پینے کے بندوبست کے علاوہ ادویات، خیمے اور مچھر دانیوں سمیت فوری ریلیف کا سامان دیا گیا ہے، اس طرح منچھر کے متاثرین کی بھی بھرپور امداد کے لیے ڈی جی پی ڈی ایم اے سے بات کی ہے۔ اس وقت ایک غیر سرکاری تنظیم کے توسط سے 350 متاثرہ گھرانوں کے کھانے پینے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے ضلع جامشورو کو پہلے ہی آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کررہی ہے، جس کے بعد رپورٹ مرتب کرکے حکومت سندھ کو ارسال کی جائے گی تاکہ متاثرین کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے