حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کو 11 ارب 44 کروڑ سے زائد رقم جاری کردی

779

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل مل کو 11 ارب 44 کروڑ 10 لاکھ روپے کا قرضہ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے پاکستان اسٹیل مل کو قرضے کے اجرا کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفیکیشن کے مطابق جاری کردہ قرضہ ای سی سی کے فیصلے کے مطابق دیا جارہا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق جاری کردہ قرضہ اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے دیا گیا ہے اور یہ رقم پاکستان اسٹیل مل کے اکائونٹ میں منتقل بھی کردی گئی ہے جبکہ اس رقم کو 20 سال میں واپس کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند روز قبل وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ حکومت اسٹیل مل کی بحالی کی کوشش کررہی ہے، اور اسٹیل مل کو جوائنٹ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر چلانے کا آپشن بھی موجود ہے۔