اسکول چوکیدار کی جانب سے بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا،

401

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا ہے،جہاں اسکول چوکیدار کی جانب سے بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ گذشتہ روز رضویہ کے ایک نجی اسکول میں پیش آیا،جہاں ایک شخص بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا مرتکب ہوا۔پولیس کے مطابق اس بدبخت شخص کا نام آفتاب عالم ہے ،جو ضیا العلوم اسکول میں چوکیداری کرتا ہے،مذکورہ شخص کو پولیو ورکر کے طور پر خدمات انجام دینے والی دو خواتین نے دیکھا کہ اسکول کا چوکیدار ایک بچی کو اسکول کی اوپری منزل پر لے جارہا ہے۔

واقعے کی سنگینی کو جانچتے ہوئے دونوں خواتین نے علاقے میں موجود دیگر ورکرز کو جمع کیا اور موقع پر پہنچ کر بچی کے ساتھ نا زیبا حرکات میں مصروف بدبخت کو دھر لیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر بظاہر پرہیز گار دکھنے والے ملزم کو حراست میں لیا اور تھانے لے گئی، پولیس نے بچی کے والد رحمت اللہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو باضابطہ گرفتار کرلیا ہے۔

بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ تھانہ رضویہ میں ایف آئی آر نمبر 65 دو ہزار 20 کے تحت درج کیا گیا۔ اس مقدمہ میں گرفتار ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 375 اور 511 عائد کی گئی ہیں جس کے تحت ملزم پر عصمت دری اور زیادتی کی کوشش کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔