قال اللہ تعالی و قال رسول اللہ

313

کیا اْسے چھوڑ کر اِنہوں نے دوسرے خدا بنا لیے ہیں؟ اے محمدؐ، ان سے کہو کہ ’’لاؤ اپنی دلیل، یہ کتاب بھی موجود ہے جس میں میرے دَور کے لوگوں کے لیے نصیحت ہے اور وہ کتابیں بھی موجود ہیں جن میں مجھ سے پہلے لوگوں کے لیے نصیحت تھی‘‘ مگر ان میں سے اکثر لوگ حقیقت سے بے خبر ہیں، اس لیے منہ موڑے ہوئے ہیں۔ ہم نے تْم سے پہلے جو رسْول بھی بھیجا ہے اْس کو یہی وحی کی ہے کہ میرے سوا کوئی خدا نہیں ہے، پس تم لوگ میری ہی بندگی کرو۔ یہ کہتے ہیں ’’رحمان اولاد رکھتا ہے‘‘ سبحان اللہ، وہ تو بندے ہیں جنہیں عزّت دی گئی ہے۔ اْس کے حضور بڑھ کر نہیں بولتے اور بس اْس کے حکم پر عمل کرتے ہیں۔ (سورۃ الانبیاء: 24تا27)

سیدنا انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک شخص نے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں نے قیامت کی کوئی خاص تیاری تو نہیں کی البتہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت رکھتا ہوں آپ نے ارشاد فرمایا انت مع من احیت ترجمہ: تم اپنے محبوب کے ساتھ ہوگے۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس جملے سے بے حد خوشی ہوئی کیوںکہ میں بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ و سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے محبت کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ میں ان کی محبت کے باعث روز قیامت ان کے ساتھ ہوں گا اگر چہ میرے اعمال ان جیسے نہیں ہیں۔ (صحیح بخاری)