ٹیکس میں اضافے کے بعد آٹا بھی مہنگا ہوگیا

950

فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے نفاذ کے بعد آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کے مطابق آٹے کی 80 کلو والی بوری پر 550 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد 2 من آٹے کی بوری 2800 سے بڑھ کر 3350 روپے ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ فائن میدے کی بوری پر 700 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اب بوری 3900 سے بڑھ کر 4600 روپے کی ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے 17 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد قیمت بڑھانا ضروری ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جب کہ ٹیکسز کی بھرمار کے خلاف ملک بھر کے تاجر سراپا احتجاج ہیں۔