پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع‘حماد اظہر کے گھر چھاپا

316

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک )حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ روکنے کے لیے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر اور اسلام پورہ میں رہنما تحریک انصاف علی نوید بھٹی کی رہائش گاہ پر چھاپا مارا ہے۔اس حوالے سے پولیس ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 350 افراد کی فہرست تیار کی گئی اور سی سی پی او دفتر کی جانب سے کارکنوں کی فہرستیں متعلقہ تھانوں کو فراہم کردی گئیں ہیں جبکہ تمام ڈویڑنل ایس پیز کریک ڈاون کی خود نگرانی کریں گے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا مقصد 25 مئی کے لانگ مارچ کو روکنا ہے اور کارکنوں کو پکڑ کر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کے خارجی اور داخلی راستوں پر بھی پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔