پی ایس ایل7: اسلام آباد کا فاتحانہ آغاز، زلمی کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

255

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیڈ نے اوپنرز کے عمدہ کھیل کی بدولت پشاور زلمی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9وکٹوں سے شکست دے دی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا۔

زلمی کا پہلا نقصان میچ کے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر اٹھانا پڑا ٹام کوہلر کیڈمور بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ان کے بعد پشاور زلمی کے بلے باز یاسر خان بھی آوٹ ہوگئے، انہوں نے 9 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے اور فہیم اشرف کی بالنگ پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔اس کے بعد حیدر علی بھی شاداب خان کی گیند پر 13 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ 108 رنز پر گری، جب شعیب ملک ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد محمد وسیم کی وکٹ بن گئے۔پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 168رنز بنائے، ردرفورڈ نے 46 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 70رنز کی اننگز کھیلی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو جارحانہ انداز میں آغاز فراہم کرتے ہوئے صرف تین اوورز میں نصف سنچری مکمل کرا دی۔

پال اسٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے جارحانہ انداز اپنایا اور عثمان قادر کو چوکا لگا کر صرف 18 گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔اوپنرز نے ٹیم کو 10 اوورز کے اندر ہی 112 رنز کا فاتحانہ آغاز فراہم کیا جس کے بعد اسٹرلنگ رن آٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 25 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 57رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے بعد ہیلز کا ساتھ دینے رحمن اللہ گرباز آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مزید کسی نقصان کے بغیر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 25 گیندوں قبل ہی باآسانی ہدف حاصل کر لیا اور ایونٹ کا 9 وکٹوں کی شاندار فتح کے ساتھ آغاز کیا۔ایلکس ہیلز نے 54 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز ک ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ رحمن اللہ نے 16 گیندوں پر 27رنز بنائے۔