ساتویں پاکستان سپر لیگ 2022ء کا انعقاد خوش آئند ہے، صوبائی وزیرپنجاب

394

لاہور: صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے 7ویں پاکستان سپر لیگ  2022ء کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سپورٹس سے محبت کرنے والے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت اس بات کا ثبو ت ہے کہ پاکستان اسپورٹس کے لئے محفوظ ملک ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور غیر ملکی کھلاڑی اس میں شرکت کررہے ہیں، پاکستان سپر لیگ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے اور اس ٹیلنٹ نے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کو بھی منوایا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ کرکٹ پاکستانی عوام کا جنون ہے، یہی وجہ سے گلی کوچوں سے ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے،خواہش ہے کہ ساتویں پی ایس ایل لاہور قلندر جیتے، محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے، تاریخ میں پہلی بار کرکٹ کے دو ہائی پرفارمنس سنٹرز بنائے جارہے ہیں، ان سنٹرز کے قیام سے کھلاڑیوں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی جس سے کرکٹ کے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔