پہلا ون ڈے: انگلینڈ کے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

242

کارڈف: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

انگلینڈ کے شہر کارڈف میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری قومی ٹیم 36 ویں اوور میں 141 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ ملان اور فل سالٹ نے کیا، انگلینڈ کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری، فل سالٹ 7 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، جس کے بعد قومی ٹیم کے بالرز کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے اور انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 22 اوورز میں 142 رنز کا ہدف پورا کرلیا، ڈیوڈ ملان 68 اور زیک کرالی 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں صوفیا گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخرزمان نے کیا، قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز ہی اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق اور کپتان بابر اعظم پہلے ہی اوور میں بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے ، کچھ ہی دیر بعد محمد رضوان بھی صرف 13 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 141 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس موقع پر فخر زمان نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 47 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔دیگر بلے بازوں میں شاداب خان 30، محمد رضوان 13، سعود شکیل 5 اور صہیب مقصود 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ  حسن علی 6 ، سعود شکیل اور فہیم اشرف 5،5 رنز بناسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔