اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کیلئے رائے شماری کل ہوگی

353

نیویارک:اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کے لئے فلسطین کی درخواست پر ووٹنگ کل جمعہ کو ہو گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سفارت کاروں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت ایک ایسا اقدام جسے اسرائیل کا اتحادی امریکا ویٹو کرتے ہوئے روک دے گا کیونکہ یہ فلسطینی ریاست کو  موثر  طریقے سے تسلیم کئے جانے کے مترادف ہو سکتا ہے۔

سفارت کاروں نے مزید  کہا کہ 15 رکنی سلامتی کونسل میں ایک مسودہ قرارداد پر ووٹنگ جمعہ کی دوپہر 3 بجے ہو گی ۔سلامتی کونسل کی طرف سے قرار داد کی منظوری میں 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو سفارش کی جائے گی کہ ریاست فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے۔

خیال رہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے حق میں کم از کم 9 ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے بشرطیکہ اسے امریکا، برطانیہ، فرانس، روس یا چین کی طرف سے ویٹو نہ کیا جائے ۔

واضح رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو 2012 سے اقوامِ متحدہ میں غیر رکن مبصر کا درجہ تو حاصل ہے لیکن رکنیت نہیں دی گئی، سلامتی کونسل کے 193 میں سے 140 رکن ممالک فلسطین کو تسلیم کرچکے ہیں۔تاہم اقوام متحدہ کا ایک مکمل رکن بننے کی درخواست کو سلامتی کونسل سے منظوری کے بعد جنرل اسمبلی میں کم از کم دو تہائی ووٹوں سے منظوری درکار ہے۔