بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ تحقیقات میں نیب کا طلبی نوٹس چیلنج کردیا

239

اسلام آباد:عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ تحقیقات کے حوالے سے نیب کا طلبی نوٹس عدالت میں چیلنج کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نیب کی جانب سے بھیجا گیا طلبی کا نوٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر، خالد یوسف چوہدری اور عثمان گل ریاض کے ذریعے سے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ نئی انکوائری میں نیب نے عمران خان اور بشریٰ بی بی پرقیمتی تحفے غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اس درخواست پر سماعت کا فیصلہ  آنے تک نیب طلبی کا نوٹس معطل کردیا جائے۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی جانب سے نیب طلبی کا نوٹس چیلنج کرنے کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کل سماعت کریں گے۔