وزیراعظم کی کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

207

اسلام آباد: تمام شعبوں میں احتساب کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسمگلروں، ذخیرہ اندوزوں، مارکیٹ میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عزم ظاہر کیا اور کرپٹ سرکاری افسروں  کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت غیر قانونی سرگرمیوں اور جرائم پیشہ مافیاز سے نمٹنے کے ایجنڈے کے ساتھ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی کابینہ کے ارکان، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

شرکاء کو جرائم پیشہ مافیاز، سمگلنگ، غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی، بجلی چوری، ذخیرہ اندوزی اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے ان اقدامات کی اہمیت اور معیشت پر ان کے مثبت اثرات کو تسلیم کیا۔

مزید برآں، اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان انسداد بجلی چوری کی پالیسی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے معاہدوں کی جدید خطوط پر تنظیم نو اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات اور پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی حمایت کا یقین دلایا۔

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں اور مافیاز کے خلاف بھرپور طریقے سے اقدامات کیے جائیں۔