تاجروں نے حکومت کی نئی ایڈوانس ٹیکس اسکیم مسترد کردی

183
tax collection

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی نئی ایڈوانس ٹیکس اسکیم کو تاجروں کی جانب سے مسترد کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تاجروں نے حکومت کی نئی ایڈوانس ٹیکس اسکیم کو رد کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور دیگر تاجر رہنماؤں نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے تاجر دوست کے نام سے ایس آر او جاری کیا گیا ہے جس کا نمبر 420 رکھا گیا ہے۔ انہوں کہ کہا کہ یہ اس نمبر کے ذریعے تاجر برادری کو چور ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی تاجر برادری تاجر دوست ایس آر او اور چھوٹے تاجروں کے کاروباروں پر پوائنٹ آف سیل ڈیوائس کے ایس آر او کو بھی مسترد کرتی ہے، جتنے بھی ٹیکس گزار تاجر ہیں وہ ہر ماہ بجلی کے بلوں پر دس فی صد ایڈوانس ٹیکس ادا کرتے ہیں، نیا ایس آر او ٹیکس ادا کرنے والوں کو مزید نچوڑ نے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ٹیکس ادا کرنا چاہتی ہے لیکن وصولی کا طریقہ کار درست نہیں۔حکومت کا یہ کہنا کہ فکسڈ ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں کرتا یہ بات درست نہیں، فکسڈ ٹیکس کا نظام ایک دفعہ لا کر تو دیکھ لیا جائے۔چھوٹے تاجر پر ٹیکس فکسڈ کر دیا جائے تو بڑا ٹیکس اکٹھا ہو گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایف بی آر کا گلی محلے کی چھوٹی چھوٹی دکانوں پر پی او ایس نصب کرنے کا فیصلہ سراسر زیادتی ہے۔

تاجروں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایف بی آر کو حکم دیں کہ نئے قانون میں اضافہ نافذ کرنے سے قبل تاجر نمائندوں سے مشاورت کرے، اور تاجر برادری کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو عید کے بعد احتجاج کا اعلان کریں گے۔