ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے، صدر مملکت

179

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے۔

پاکستان میں جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے  صدر مملکت نے کہا کہ عالمی جواہرات اور زیورات کی مارکیٹ میں داخل ہونے کے لئے پاکستان کی قیمتی پتھروں کی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ اور تشہیر کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جواہرات اور زیورات کے شعبے میں ترقی کی بڑی صلاحیت ہے، ملکی ترقی کیلئے جیمز اور جیولری کے شعبے سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، جیمز اور جیولری میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔

صدر مملکت نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت بہتر بنانے، مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع کھولنے میں مدد ملے گی، مقامی افرادی قوت کی تربیت اور ہنر مندی میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی۔