موبائل فون چارجنگ کے دوران شارٹ سرکٹ سے 4 بچے ہلاک

301

نئی دہلی: موبائل فوج کی چارجنگ کے دوران شارٹ سرکٹ ہونے سے 4بچے ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی ریاست یو پی (اتر پردیش) میں موبائل فون کو چارج کیے جانے کے دوران شارٹ سرکٹ کے باعث 4 بچے جھلس کر جان کی بازی ہار گئے جب کہ انہیں بچانے کی کوشش کرنے والے والدین بھی زخمی ہو گئے۔

یو پی میں ایک گھر میں اچانک آگ لگ گئی، جس پر علاقے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ کو بجھایا۔ اس دوران گھر میں جھلسے ہوئے چار بچوں اور ان کے والدین کو شدید زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔

بعد ازاں آگ لگنے سے جھلس کر زخمی ہونے والے چاروں بچے زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ ان کی والدہ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچوں کے والد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ گھر میں موبائل فو ن کو چارجنگ پر لگا رکھا تھا کہ اس دوران شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ موبائل فون پھٹ گیا اور پورے کمرے میں آگ لگ گئی۔ اس دوران بچے بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔