سلامتی کونسل: غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور

277

نیو یارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی ادارے کی سلامتی کونسل نے 7 اکتوبر کے بعد سے پہلی بار اسرائیلی جارحیت اور بمباری کا شکار غزہ کی محصور پٹی میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کی ہے۔

سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی درخواست پیر کے روز پیش کی گئی، جس میں امریکا نے اس بار ہمیشہ کی طرح اپنی ڈھٹائی کا مظاہرہ اور اسرائیل کی کھلی حمایت کا اظہار کرنے کی پالیسی کے برعکس قرارداد کو ویٹو کرنے سے گریز کیا۔

غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک میں سے 14 نے حمایت میں اپنا ووٹ دیا جب کہ امریکا ووٹنگ کے عمل سے مکمل طور پر غیر حاضر رہا۔ سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد میں جنگ کے دوران مغوی بنائے گئے افراد کی فوری طور پر غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کئی بار جنگ بندی کی قراداد پر اتفاق کرنے میں ناکام رہی تھی۔