حماس کا سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی قرار داد منظور ہونے کا خیر مقدم

373

غزہ: مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی قرار داد منظور ہونے کا خیر مقدم کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے ترجمان نے سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی قرار داد منظور ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ قرار داد دونوں طرف قیدیوں کے فوری تبادلے کے لیے تیار ہونے پر زور دیتی ہے، یرغمالیوں کی بات ہوتی ہے تو اسرائیل کو بھی فلسطینیوں کو رہا کرنا ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر موقع پر اسرائیل اپنے یر غمالیوں کی تو بات کرتا ہے لیکن جو 7ہزار سے زائد فلسطینی قید ہیں ، اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرتا، اسرائیل جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسپتالوں پر بمباری بھی کررہاہے، امدادی ٹرکوں کو بھی غزہ میں داخل ہونے نہیں دے رہا ہے ، جس کی وجہ سے ایک بڑی تعداد میں لوگ قحط کی وجہ سے شہید ہورہے ہیں۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی گئی ہے، جس میں 15 رکن ممالک میں سے 14 نے حمایت میں اپنا ووٹ دیا جب کہ امریکا ووٹنگ کے عمل سے مکمل طور پر غیر حاضر رہا۔