گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ: فورسز کے آپریشن میں8 دہشتگرد ہلاک، 2 اہلکار شہید

235
terrorists killed

گوادر:  گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیس پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے واصل جہنم کردیا جبکہ پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آج گوادر پورٹ اتھارٹی پر بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کی اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی، حملے کو ناکام بنانے کے لیے فورسز نے جوابی کارروائی کی، بھاری نفری طلب کرلی، دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کمپلیکس کے قریب دھماکے اور شدید فائرنگ کی اطلاعات  ملنے پر  علاقے میں خوف و ہراس   پھیل گیا۔

آپریشن کے دوران گوادر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے سبب دہشت گردوں کا سیکیورٹی کمپلیکس میں گھسنے کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور جوابی فائرنگ میں تمام آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مطابق گوادر شہر میں فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا، 10 سے زائد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جائے وقوعہ سے دھواں بھی اٹھتا ہوا دکھائی دیا۔

ذرائع کے مطابق گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں پاسپورٹ آفس، الیکشن کمیشن آفس سمیت دیگر سرکاری اداروں کے دفاتر ہیں۔