اگر میں صدر منتخب نہ ہوا تو خون ریزی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

403

واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کی تاریخ 5 نومبر کو تاریخی اور اپنی انتخابی مہم کو امریکا کے لیے اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ  اگر میں صدر منتخب نہ ہوا تو خون ریزی ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  امریکی صدارتی انتخابات نومبر میں ہوں گے، جس  میں موجودہ صدر جو بائیڈن ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ہونگے۔

میکسیکو میں گاڑیاں بنا کر امریکیوں کو فروخت کرنے کے چینی منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے دونلڈ ٹرمپ  کا کہنا تھا کہ اگر میں منتخب ہو گیا تو ایک ایک گاڑی پر سو فیصد ٹیکس لگاؤں گا اور پھر چین ان گاڑیوں کو امریکا میں فروخت کرنے کے قابل نہیں رہے گا اور اگر میں منتخب نہیں ہوا تو یہ سب کے لیے خون ریز ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم شروع کرچکے ہیں اور مسلسل چین پر تنقید کررہے ہیں، چین میں ٹک ٹاک پر پابندی لگنے پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹک ٹاک  کے مقابلے میں فیس بک عوام دشمن ہے، جہاں پروپیگنڈہ زیادہ کیا جاتاہے، اگر پابندی لگانی ہے تو فیس بک پر لگائی جائے۔