پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر ریلی: بیرسٹر گوہر ، عمر ایوب ، عامر ڈوگرو دیگر کی عبوری ضمانتیں منظور

107
Respecting the public mandate

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے28 ویں یوم تاسیس اور گرفتار رہنماؤں و کارکنان کی رہائی کے لیے ریلی نکالنے کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی خان، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، عامر ڈوگر و دیگر کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔

 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اویس محمد خان نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزمان کی جانب سے علی بخاری ایڈووکیٹ، انصر کیانی، مرتضی طوری ایڈووکیٹ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر دلائل دیتے ہوئے وکیل نے بتایا کہ انتظامیہ نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے، سیاسی بنیاد پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے، جب بھی پرامن احتجاج کرتے ہیں نیا مقدمہ درج ہوتا ہے۔

 وکلا نے استدعا کی کہ رہنماؤں کی ضمانت منظور کی جائے اور پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔

 بعد ازاں عدالت نے 5،5 ہزار روپے کے مالیتی مچلکوں کے عوض پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

ساتھ ہی عدالت نے فریقین کو جواب جمع کروانے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت7 مئی تک ملتوی کردی۔