دھاندلی زدہ الیکشن: جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کا احتجاجی مظاہرہ

239

کراچی: دھاندلی زدہ الیکشن عوامی مینڈیٹ کی توہین اور پر امن سیاسی کارکنوں پر تشدد کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان ( جے آئی پی) ، تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) گرینڈ ڈیموکریٹک آلائنس ( جی ڈی اے)  نے یوم سیاہ کے موقع پر کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔

 احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر دھاندلی زدہ الیکشن  کے خلاف نعرے درج تھے، دھاندلی زدہ الیکشن نامنظور، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا نہ منظور جیسے نعرے درج تھے۔

مظاہرے سے  جماعت اسلامی کے رہنما جنید مکاتی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  پاکستان ایسا ملک ہے کہ جہاں جماعت اسلامی کے 9 لاکھ ووٹ اور پیپلز پارٹی کے 3 لاکھ ووٹ ہوتے ہیں،زیادہ ووٹ لینے والوں کو ہروادیا جاتا ہے، 30 ہزار ووٹ لینے والوں کوہرواکر 3ہزار ووٹ لینے والوں کو جتوایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  پی ایس 104 کے عوام نے جماعت اسلامی کے امیدوار کو 30 ہزار ووٹ دے کر جتوایا ہے، الیکشن کمیشن نے 3ہزار ووٹ لینے والوں کو جتوادیا ہے، الیکشن کے  جعلی نتائج پر ہم کسی سرکاری نوٹیفکیشن کو نہیں مانتے۔

رہنما جماعت اسلامی نے کہاکہ  ہمارے قائدین اگر اعلان کردیں تو ہم کراچی سمیت سندھ میں پہیہ جام کردیں گے، 125 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 جماعت اسلامی کے پاس موجود ہے، جب عوام نے جماعت اسلامی کو منتخب کیا ہے تو یہ کون سی طاقت ہے جو بھتہ خوروں کو ہم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔