صاحبانِ اقتدار نے اخلاقی، تہذیبی، باہمی احترام کا جنازہ نکال دیا، لیاقت بلوچ

225

لاہور:نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان  اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ  نے کہا ہے کہ ماضی کی حکمران جماعتوں نے ناکامیوں کو چھپانے کیلئے سیاسی میدان کو آلودہ کیا ہے ،ملک میں سیاسی استحکام کے لئے  لاڈلے بنانے کا کھیل بند کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ  ماضی کی حکمران جماعتوں نے اپنی ناکامیوں، نااہلیوں، کرپشن کو چھپانے کے لیے ڈِس انفارمیشن، جھوٹ، الزام تراشیوں اور فریب پر مبنی پروپیگنڈہ سے سیاسی میدان کو پہلے سے زیادہ آلودہ اور تباہ کن بنادیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  ملک میں نفرت، جھوٹ اور ”تقسیم کرو”کا دور دورہ ہے، صاحبانِ اقتدار نے اخلاقی، تہذیبی، باہمی احترام کا جنازہ نکال دیا ہے، عدالتی فیصلوں اور عدالت کے اندر بحث و تکرار نے پوری قوم کو شرمسار کردیا ہے۔ قیادت کا معیار نئی نسل کو بڑی تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعتِ اسلامی قومی، سیاسی، انتخابی محاذ پر اخلاقیات، قومی وژن اور قرآن و سنت کے غلبہ کے جذبہ سے اپنا جہاد جاری رکھے گی اور پاکستان کو اسلامی، خوشحال، مستحکم ، کرپشن فری بناکر قوم کو بداخلاقی، بدکرداری اور بدتہذیبی سے نجات دلائے گی۔