حماس کی فتح کیلیےاسرائیل اور امریکا کے مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے، حافظ نعیم

986

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہےکہ  حماس کے مجاہدین کی فتح کے لیے ہم اسرائیل اور امریکا کے مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے، ہم امریکہ اور اسرائیل مردہ باد کہیں گے اور حماس کی حمایت کریں گے۔

حماس کے قائد اسماعیل ہنیہ کی جانب سے اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی و جارحیت کے 100دن ہونے پر دنیا بھر کے مسلمانوں سے احتجاج کرنے کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے شاہراہ فیصل پرجماعت اسلامی کے ”غزہ ملین مارچ” سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے   کہاکہ مارچ میں آنے والے لاکھوں مردو خواتین اور  بچوں کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ہم یہاں رہ کر جو کچھ کرسکتے ہیں ، وہ ضرور کریں گے۔

 امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارا پیغام ہے کہ ہم حماس کے مجاہدوں ،القسام بریگیڈ اور اہل غزہ کو بھلایا نہیں ہے ، ہم انتخابات میں بھی اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں، عوام اپنے حکمرانوں اور حکمران پارٹیوں سے کہہ دیں کہ اگر ووٹ لینا ہے تو حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ کی حمایت کریں اورامریکہ اور اسرائیل کی مذمت کریں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ہم اپنی کسی بھی کارنر میٹنگز اور انتخابی مہم میں اہل غزہ اور فسلطینی مسلمانوں کو نہیں بھولیں گے، امریکا مردہ باد اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائیں گے ۔افسوس ہے کہ وہ جماعتیں جو خود کو قومی جماعتیں کہتی ہیں وہ اسرائیل کی مذمت نہیں کررہیں اور اقتدار کے لیے امریکا طرف دیکھ رہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ  پاکستان کے عوام نظریاتی ہیں اور عوام ان پارٹیوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے جنہوں نے اسرائیل اور امریکا کی مذمت اورحماس کی حمایت نہیں کی، اسرائیل و امریکا کی معیشت کو تباہ کرنے کے لیے پاکستانی برانڈ کی تشہیر کے لیے20اور21جنوری کو ایکسپوسینٹر میں نمائش منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ  ہم اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرکے پاکستانی برانڈ کی تشہیر کریں گے،کراچی کے عوام ایکسپوسینٹر میں پاکستانی برانڈ کی نمائش میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں، نمائش میں ہونے والا فائدہ اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں کی امداد کے لیے مختص کیا جائے گا۔