او آئی سی: اسحاق ڈار کا غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ

211

گیمبیا: ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق گیمبیا میں او آئی سی کا اجلاس ہوا، جس میں اسحاق ڈار نے غزہ مین جاری جارحیت اور اسرائیلی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کیخلاف اسرائیل کے حملوں میں 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہری، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، مارے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کی اندھا دھند بمباری سے 20 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوگئے، جان بوجھ کر انسانی امداد سے انکار کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خود مختار فلسطینی ریاست اور اقوام متحدہ میں اس کی مکمل رکنیت کیلئے حمایت کرتے ہیں او آئی سی ممالک غزہ میں جنگ بندی اور بلاتعطل انسانی امداد کیلئے مل کر کام کریں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عوام بالخصوص امت مسلمہ کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، چیلنجز پر او آئی سی کو متحد اور مرطوب جواب دینا چاہیے۔