غزہ جنگ بندی مذاکرات مشکلات کا شکار، اسرائیل کا وفد مصربھیجنے سے انکار

252

قاہرہ:فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کا وفد غزہ جنگ بندی مذاکرات کیلیے مصر پہنچ گیا ہے تاہم اسرائیل نے  مذاکرات کے لیے وفد مصر  بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ    اسرائیلی  وفد اس وقت تک بالواسطہ بات چیت کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ نہیں جائے گا جب تک انہیں قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات کے حوالے سے حماس کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملتا۔

اسرائیلی وزیر اعظم  نیتن یاہو نے اسرائیلی وفد کے قاہرہ جانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی کوئی پیشکش قبول نہیں کریں گے جس سے غزہ میں حملے ختم ہو جائیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونے کے بعد بھی غزہ میں صہیونی فوجی نہتے فلسطینیوں  پر ظلم ڈھارہے ہیں، اس حوالے سے عالمی ادارے اسرائیل پر پابندی لگانے کے بجائے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔