جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے کراچی دشمن اقدامات پر ہر گز خاموش نہیں بیٹھے گی،  منعم ظفر خان

343
not remain silent

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے کراچی دشمن اقدامات پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھے گی۔

جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے صوبائی وزیر توانائی کی زیر صدارت گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرز اور ارکان اسمبلی کے ہمراہ کے الیکٹرک اور پاور ڈویژن کے حکام کے ایک اجلاس میں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق کی جانب سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے مطالبے اور کے الیکٹرک کی نااہلی و ناقص کارکاردگی کو بے نقاب کرنے پر کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کی طرف سے ”جماعت اسلامی کے الیکٹرک کی دشمن ہے ” کے ریمارکس پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی اہل کراچی کے مفادات کے تحفظ اور ان کے حقوق کی جدوجہد کررہی ہے۔

منعم ظٖفر خان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے اہل کراچی کے مفادات کے خلاف اپنا رویہ اور پالیسی ترک نہ کی اور شہریوں کو بدترین لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے عذاب میں مبتلا رکھا تو جماعت اسلامی بھی کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کرتی رہے گی ، کے الیکٹرک انتظامیہ اور اس کے سرپرست یاد رکھیں کہ جماعت اسلامی کراچی کے دشمن اور عوام دشمن اقدامات اور پالیسیوں پر ہر گز خاموش نہیں بیٹھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا شروع سے مطالبہ رہا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے اسے قومی تحویل میں لیا جائے،اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور کے الیکٹرک کے ذمے کلاء بیک کی مد میں اہل کراچی کے واجب الاداء اربوں روپے واپس دلوائے جائیں اورکے الیکٹرک کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ سوئی سدرن گیس کے 177ارب روپے کے واجبات ادا کرے۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ ہمارے رکن سندھ اسمبلی نے مذکورہ اجلاس اور اس سے قبل سندھ اسمبلی کے فورم پر بھی کے الیکٹرک کی بدعنوانیوں اور نااہلی و ناقص کارکردگی کو بے نقاب کرتے ہوئے اہل کراچی کا مقدمہ لڑا ہے اور آئندہ بھی لڑیں گے ،کے الیکٹرک انتظامیہ ہٹ دھرمی پر اترآئی ہے ،AT&Cکی بنیاد پر نیپرا کی جانب سے لگائے گئے جرمانے کو ادا کرنے پر تو تیار ہے لیکن انتہائی بے شرمی اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے کا اعلان کررہی ہے۔