اقوام متحدہ سے قرارداد منظور ہو جائے تو بھی انتخابات 8 فروری ہی کو ہونگے، بلاول

289
terrorists
We faced terrorists, what is this Imran, Bilawal Zardari

لاہور:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سے بھی قرارداد منظور کروا لی جائے تب بھی ملک میں عام انتخابات 8 فروری ہی کو ہوں گے۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سینیٹ آف پاکستان تو کیا، اقوام متحدہ یا او آئی سی سے بھی قرارداد منظور کروا لیں تب بھی ملک میں عام انتخابات 8 فروری ہی کو منعقد ہوں گے۔ ہمارا مطالبہ بھی الیکشن کا بروقت انعقاد ہے کیوں کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول 8 فروری کے لیے ہی جاری کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے بھی اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ پتھر پر لکیر ہے کہ ملک میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔ ہم سب کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے پر اعتماد ہے۔ قدم بڑھائیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ لاہور میں کام کی بہت ضرورت ہے، تین دہائیوں سے یہاں حکومت کرنے والے دعویٰ ہی کرتے رہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جتنا کام لاہور میں باقی ہے، اتنا باقی پاکستان میں نہیں ہے جب کہ ظاہر یوں کیا جاتا ہے کہ لاہور میں دودھ شہد کی نہریں بہتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی عوام کا فیصلہ قبول کرے گی۔ عوام کو ملک کی ترقی کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ہمارا 10 نکاتی ایجنڈا ہی الیکشن میں ہمارا منشور ہے، ہم اپنے منشور پر عمل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو مہنگائی کا حل نکال سکیں گے لیکن اس کے لیے  ہمیں آپ کا ساتھ چاہیے۔