گڈو پاور پلانٹ بحال نہیں ہو سکا، بجلی بحران برقرار

241

کراچی: گڈو پاور پلانٹ تاحال بحال نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے بجلی کا پیدا ہونے والا نیا بحران برقرار ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سسٹم میں گڈو پاور پلانٹ سسٹم تاحال واپس نہیں آ سکا، این ٹی ڈی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ شارٹ فال کی وجہ سے لیسکو سمیت تمام ڈسکوز میں غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کئی گھنٹے کے لیے ہو رہی ہے۔

لیسکو ریجن میں شارٹ فال کے باعث ہر ایک گھنٹے کے بعد بجلی کی غیر علانیہ بندش کی جا رہی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے اور صرف 1500 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔

این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق بند پاور پلانٹس کو آج بھی بحال نہیں کیا جا سکا، جن میں تھرمل اور کوئلے سے چلنے والے پلانٹس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز گڈو تھرمل پاور ہائی ٹرانسمیشن کے سوئچ یارڈ میں فنی خرابی کی وجہ سے آگ لگنے کے بعد سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں بجلی معطل ہو گئی تھی۔