چھاؤں مانگنے والے

450

صدرِ مملکت عارف علوی کا ارشادِ گرامی ہے کہ مساجد کو درس گاہِ بنا کر نا خواندگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ یہ کیسی حیرت انگیز بات ہے کہ صدرِ مملکت کو یہ علم ہی نہیں کہ ہمارے بہت سے شہروں اور دیہی علاقوں میں تعلیم کی ابتداء مساجد ہی سے کی جاتی ہے۔ پختون علاقوں میں صرف و نحو، اور تفسیر کی تعلیم بھی مساجد ہی سے حاصل کی جاتی ہے طالبان کے بارے میں مختلف خیال اور رائے پائی جاتی ہے جو زمینی حقائق کے برعکس ہے کیونکہ طالبان اْن طالب ِ علموں کو کہا جاتا تھا جو مساجد میں تعلیم حاصل کرتے تھے اور مظلوموں کی مدد کرنا اپنا اوّلین فرض سمجھتے تھے۔ جب دو قبائل دست و گریباں ہوتے تو علاقے کی مسجد کا امام دونوں قبائل کو سرخ اور سفید جھنڈے بھیجا کرتے تھے جس قبیلے کا سردار سفید جھنڈے کو پسند کرتا طالبان اْس کی مدد کرتے تھے اور جنگجوئی پر آمادہ قبیلے سے لڑتے تھے۔ شکست کے بعد قبیلے کا خود سرکش سردار سرنگوں ہوکر معافی مانگتا اور امام مسجد دونوں قبائل کے سرداروں سے جنگ نہ کرنے کا عہد لیتا تھا۔ مساجد سے حصول تعلیم کے بعد طالبان اعلیٰ تعلیم کے لیے افغانستا ن اور ہندوستان وغیرہ کے معروف درسگاہوں کا رْخ کرتے تھے ریاست رام پور کا مدرسہ عالیہ صرف نحو کے معاملے میں بہت مشہور تھا جو طالب ِ علم صرف نحو کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے داخلہ لینے کے لیے رام پور کا رْخ کیا کرتے تھے۔

اسلامی یونیورسٹی بہاولپور میں صرف نحو کے عالم کی ضرورت تھی مگر صرف نحو کا کوئی بھی عالم نہیں مل رہا تھا اْس وقت مولانا سعید احمد کاظمی (مرحوم) حدیث پڑھایا کرتے تھے غالباً انہوں نے بھی مدرسہ عالیہ سے تعلیم حاصل کی تھی وہ جانتے تھے کہ وہاں کا عالم جو صرف نحو کا درس دیا کرتا تھا پاکستان آگیا ہے۔ تلاشِ بسیار کے بعد بھی وہ اس عالم کے بارے میں کچھ نہ جان سکے اْن کا بھتیجا کراچی سے بہاولپور آیا تو مولانا صاحب نے اس معاملے میں بات کی تو اْس کے کہا وہ تو بہاولپور ہی میں موجود ہیں اور رینجرز کی جامع مسجد میں خطیب ہیں۔ مولانا نے وائس چانسلر کو بتایا تو اْنہوں نے رینجرز کے کرنل کو فون کیا اور کہا کہ یونیورسٹی میں صرف نحو کے عالم کی ضرورت ہے آپ اپنے خطیب صاحب کو درس کے لیے بھیج دیا کریں آمدو رفت کا بندوبست یونیورسٹی کی طرف سے ہوگا۔ کرنل صاحب نے کہا گاڑی بھیجنے کی کوئی ضرورت نہیں خطیب صاحب سے بات کرادوں گا۔ اْنہوں نے خطیب صاحب کو بْلایا اور وائس چانسلر کا پیغام دیا تو اْنہوں نے کہا کہ پچاس سال سے صرف نحو نہیں پڑھایا ہے دوسری اہم بات یہ ہے کہ میری نظر بہت کمزور ہے میں پڑھا نہیں سکتا۔

مساجد کی اہمیت کے پیش ِ نظر مولانا عبدالستار ایدھی نے حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ عدالتوں کو مقدمات کے انبار سے نجات دلانے کے لیے چھوٹے موٹے جھگڑوں اور چوری چکاری کے واقعات کے فیصلے علاقہ کے امام مسجد کے حوالے کر دیے جائیں تو فیصلہ بروقت ہوسکتا ہے اور انصاف بھی فوری طور پر ہوسکتا ہے۔ اْنہوں نے یہ تجویز پیش بھی کی تھی کہ پولیس اہلکاروں کو اْن کے رہائشی علاقوں میں تعینات کیا جائے تو پولیس کی چیرا دستیوں سے عوام کو نجات دلائی جاسکتی ہے کیونکہ وہ اپنے علاقے کے ہرفرد سے واقف ہوتے ہیں پنجاب سے دوسرے صوبوں میں جانے والے پولیس اہلکار اپنے فرائض میں کوتاہی کرتے رہتے ہیں کیونکہ سبکدوش ہونے کے بعد وہ اپنے علاقوں میں واپس چلے جاتے ہیں۔ اگر مولانا عبدالستار ایدھی کی تجاویز پر عمل کیا جاتا تو عوام کو پولیس کی خودسری سے نجات مل جاتی مگر المیہ یہ ہی ہے کہ مقتدر طبقات مساجد سے الرجک ہیں اگر اس الرجک کا علاج کر دیا جائے تو اسلامی معاشرہ وجود میں آ سکتا ہے اور جب معاشرہ اسلامی معاشرہ بن جائے گا تو اسلام کا نفاذ یقینی ہو جائے گا۔

یہ کون ہیں جو ببولوں سے چھاؤں مانگتے ہیں
ادھر جو ایک شجر ہے وہیں نہیں جاتے