ملک میں چینی شہریوں کی سیکورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

311

نگراں حکومت نے ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چینی کاروباری شخصیات، سی پیک پر کام کرنے والے ماہرین اور پاکستان میں مقیم دیگر چینی شہریوں کی سیکورٹی مزید سخت کرنے کے لیے وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ خوشحال  خان نے کی۔

چینی شہریوں کی سیکورٹی سخت کرنے کے لیے ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری، چینی سفیر اور سرمایہ کار شریک ہوئے۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر کام کرنے والے چینی سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کے لیے جاری حفاظتی اقدامات سے متعلق ایس او پیز کو ری وائز کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹریز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ خصوصاً بلوچستان، پختونخوا اور پنجاب میں چینی شہریوں کی سیکورٹی مزید سخت کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے چینی باشندوں کو ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل درآمد یقننی بنانے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ چینی باشندے متعلقہ تھانے کو اپنی موجودگی اور آنے جانے سے متعلق آگاہ رکھیں۔ چینی باشندے اور سرمایہ کار کہیں بھی آتے جاتے وقت بلٹ پروف گاڑی لازمی استعمال کریں گے۔ علاوہ ازیں کرایے کے گھروں میں رہنے والے چینی سرمایہ کار اور شہری اپنے اپنے علاقوں کے تھانوں میں اپنا اندراج بھی کروائیں۔