پی ٹی آئی کا پختونخوا میں عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ

459
criminals

پشاور: پی ٹی آئی نے پختونخوا میں عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں منعقد کروانے کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ خیبر پختونخوا میں عام انتخابات عدلیہ کی زیر نگرانی ہوں۔

معظم بٹ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 218 (3) کے تحت صاف شفاف اورغیرجانبدارالیکشن کرانا لازمی ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا اور نگراں صوبائی حکومت کی آئینی حیثیت  بھی متنازع ہوگئی جب کہ تحریک انصاف کو صوبے میں سیاست کے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جارہے، جلسے اور کنونشن تک کی اجازت نہیں اور پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور مقامی قیادت گرفتار یا مقدمات کا سامنا کررہی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نگراں حکومت غیر جانب دار نہیں رہی بلکہ پی ٹی آئی مخالف ہے، موجودہ گورنر کی موجودگی میں صاف شفاف الیکشن کا امکان نہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی انتخابات کی انعقاد میں غیر آئینی تاخیر کی۔ لہٰذا عدالت گورنر کو صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے عمل میں دخل اندازی سے روکے، صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات جوڈیشل افسران کے تحت کروائے جائے۔

درخواست میں وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت ، گورنر کے پی ، الیکشن کمیشن ، خیبر یونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب کو فریق بنایا گیا ہے۔