ہمارے یوسی چیئر مینوں کے کاموں میں بجٹ کی منظوری میں تاخیری کی جارہی ہے، حافظ نعیم

539

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت پیپلز پارٹی کی حکومت کا تسلسل ہے جو  پیپلز پارٹی کے ہی مفادات کا تحفظ کر رہی ہے،  ہمارے ٹاؤن،یوسی چیئر مینوں کے کاموں میں رکاوٹ اور بجٹ کی منظوری میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی ، نواز لیگ اور جے یو آئی پہلے 16ماہ کی پی ڈی ایم کی حکومت کا حساب دیں کہ انہوں نے کراچی کے لیے کیا کیا ؟ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی آپس کی مخالفت صرف نورا کشتی ہے ،یہ دونوں انتخابات سے قبل ہمیشہ فرینڈلی فائر کرتی ہیں اور پھر مل جاتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ  ایم کیو ایم بھی کراچی کے مینڈیٹ کو ہمیشہ وڈیروں اور جاگیرداروں کے ہاتھوں فروخت کر دیتی ہے ۔ نواز لیگ اور جے یو آئی اگر پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنانا اور کراچی کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے 14ووٹ  سٹی کونسل میں قبضہ میئر مرتضی وہاب کے خلاف دیں ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   جماعت اسلامی ہی کراچی کی تعمیر وترقی کرے گی، کراچی کو تباہ و برباد کرنے اور کراچی کا سودا کرنے والوں کا مقابلہ کرے گی ۔ جماعت اسلامی یکجہتی فلسطین مہم کے ساتھ ساتھ بہت جلد یوتھ ممبر شپ مہم شروع کرے گی ۔ہم ہی کراچی کے نوجوانوں اور عوام کی طاقت سے کراچی کو سنواریں گے ۔