علامہ اقبال کے پیغام پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے، سراج الحق

470
happiness

تہران:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں امت کو علامہ اقبال کے”ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے” پیغام پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ آج ہم مصور پاکستان کے اس درس پر عمل پیرا نہیں ہوں گے تو آیندہ نسلیں اور تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

یوم اقبال کی مناسبت سے قوم کے نام تہران سے جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام شاعر مشرق کے فلسفہ خودی کو اپنائیں، ملت کے نوجوان شاہین کی سی صفات پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے لیے وہ قیادت منتخب کرے جو ملک وملت کی قائد اور اقبال کے نظریہ پر آبیاری کرے۔

امیر جماعت ایران، قطر اور ترکی کے پانچ روزہ دورہ پر ہیں جہاں وہ تینوں ممالک کی حکومتوں کی اہم شخصیات اور حماس کی قیادت سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ وہ اسلامی تحریکوں کی قیادت کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے ۔

امیر جماعت نے کہا کہ علامہ اقبال کے تصور پاکستان میں مسلمانوں کے لیے ایک ایسی ریاست کا قیام تھا جو امت کی قیادت کرے، بدقسمتی سے ہمیں آج تک وہ مقصد نہیں مل سکا۔ ملک پر مسلط حکمرانوں نے نظریہ پاکستان اور بانیان پاکستان سے وفا نہیں کی۔ ملک کو معاشی لحاظ سے غلام بنایا گیا۔ اقبال نے سودی معیشت کو ہدف تنقید بنایا، ہمارے ہاں یہ اب بھی جاری ہے، جس نے عوام کی زندگیوں کو جہنم بنادیا ہے۔

 سراج الحق نے کہا کہ اس وقت غزہ جل رہا ہے جب کہ مسلمان حکمران تماشہ دیکھ رہے ہیں، حکمران اتحاد پیداکریں۔ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو خبردار کرتے ہیں فلسطینیوں کی نسل کشی بند کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق نے اپنی شاعری سے اسلامیان برصغیر کو جگایا اور تابناک مستقبل کی جانب رہنمائی کی۔