حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینی 56 برس سے ظلم کا شکار ہیں، اقوام متحدہ

574

نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے کہا ہے کہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام 56 برس سے ظلم کا شکار ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کے حوالے سے سلامتی کونسل   کے  سہ ماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتیریس کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کو غزہ میں بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ہے اور اس طرح کے نازک مواقع پر واضح اصولوں کا ہونا ناگزیر ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ غزہ کے لیے بھیجی گئی امداد، وہاں کی ضرورت کے سامنے سمندر میں قطرے کے مترادف ہے۔ غزہ کے لیے امداد بغیر کسی پابندی کے ارسال کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کے اسرائیل پر حملوں کو، فلسطینیوں پر بم باری اور انہیں اجتماعی طور پر حملوں کے ذریعے سزا دینے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ فلسطینی شہریوں کی حفاظت اور بنیادی انسانی حقوق کا احترام لازمی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے فلسطین خصوصاً غزہ پر حملوں اور مسلسل بم باری میں شہید ہونے والوں کی تعداد تقریباً 6 ہزار ہو چکی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہی مزید 704 فلسطینیوں کو بم باری کرکے شہید کردیا گیا ہے، جس میں صرف بچوں ہی کی تعداد تقریباً 200 ہے۔

صہیونی ریاست کی بم باری سے غزہ ملبے کا قبرستان بن چکا ہے، جس کے نتیجے میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد لاکھوں اور زخمیوں کی تعداد قابل شمار نہیں ہے۔