کوشش یہی ہوگی کہ ورلڈ کپ جیت کر واپس آئیں، بابر اعظم

509

لاہور:قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں دو میچز پر پہلے ہم نمبر ون پر تھے، اور وہی لڑکے تھے جو پرفارمنس کرتے آرہے ہیں اور اسی ٹیم کی وجہ سے ہم نمبر ون بنے، فاتح ہو کر واپس آنا چاہتے ہیں۔

قومی کرکٹ  ٹیم کے کپتان نے کہا کہ آج رات ہم ورلڈ کپ کے لیے جا رہے ہیں، بطور ٹیم ہمارا حوصلہ بلند ہے اور پراعتماد ہیں، کوشش یہی ہوگی کہ جیت کر واپس آئیں، آپ سب سے درخواست ہے کہ ہمارے لیے دعا کریں۔

بابر اعظم نے کہا کہ بطور کھلاڑی یہ فخر کرنا چاہیے کہ ہم ورلڈ کپ کے لیے جا رہے ہیں، پریشر ایسا نہیں ہے، ہر حالت میں ہر ملک میں ہر کھلاڑی کھیلنا چاہتا ہے، ہم نے کبھی بھارت میں اس طرح کھیلا نہیں لیکن سابق کھلاڑیوں سے جو معلومات ملی ہیں، وہ یہ ہیں کہ تمام چیزیں ایک جیسی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2019 میں بطور کھلاڑی میں نے کھیلا تھا لیکن اس بار ٹیم کی قیادت کر رہا ہوں جو کہ میرے لیے فخر کی بات ہے، کوشش کریں گے کہ بطور ٹیم ہم اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ لائیں۔