نگراں حکومت مہنگائی ختم کرنے کے موڈ میں نہیں، پروفیسر ابراہیم

682
inflation

دیر پائین: امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان  نے کہا ہے کہ نگران حکومت مہنگائی ختم کرنے کے موڈ میں نہیں لگ رہی۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ بجلی بلوں اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی خیبرپختونخوا 18 ستمبر سے پشاور میں گورنر ہاوس کے سامنے دھرنا دے گی جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے جامعہ عالیہ حدیق العلوم بلامبٹ دیر پائین میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، امیر جماعت اسلامی دیر پائین اعزاز الملک افکاری، سیکرٹری جنرل حافظ یعقوب الرحمن، صاحبزادہ محمد یعقوب اور مولانا اسد اللہ سمیت دیگر ذمہ داران شریک تھے

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں مہنگائی میں برابر کی شریک ہیں۔ نگران حکومت اب بھی کوشش کررہی ہے کہ مہنگائی میں اضافہ کرے، بجلی، تیل و گیس سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔ مہنگائی کے ہاتھوں پاکستان کے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ الیکشن آئین و قانون کے تقاضوں کے مطابق منعقد کیے جائیں۔ اس میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ عمران خان کے مہنگائی کے طوفان بدتمیزی کی رفتار شہباز شریف نے اور بھی بڑھا دی۔ اس وقت ملک میں معاشی بحران سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ نگران حکومت نے بھی اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ نگران وزیراعطم نہیں سمجھ رہے اور یہی راگ الاپ رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کی طرف سے ان کو اجازت نہیں مل رہی۔ آئی ایم ایف کو دو ٹوک الفاظ میں بتانے کی ضرورت ہے کہ عوام ٹیکسوں کا مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔