مرغی کے گوشت کی قیمت کو پر لگ گئے، قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

577

کراچی: شہر قائد کے شہریوں کو چند ہفتوں تک صرف عیدِ قرباں کے گوشت پر ہی گزارہ کرنا پڑے گا کیوں کہ شہر میں مرغی کی قمیتوں کو پر لگ چکے ہیں اور یہ آسمان پر پہچنچ گئی ہیں۔

کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، عیدالاضحی کے تہوار کے بعد مختلف علاقوں میں مرغی کا گوشت 700 سے 800 روپے فی کلو تک میں فروخت ہورہا ہے۔

مرغی کے گوشت کی اتنی مہنگی قیمت دیکھ کر مارکیٹ سے خریداربھی غائب ہو چکے ہیں، مہنگائی کے باعث شہریوں میں مرغی کا اتنا مہنگا گوشت خریدنے کی سکت نہیں ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں 700 اور کہیں 800 روپے تک میں مرغی کا گوشت دستیاب ہے۔

شہری اس صورتحال سے پریشان نظر آتے ہیں ان کے مطابق مرغی کھائیں یا جیب دیکھیں، بہتر ہے کہ قربانی کے گوشت پر گزارہ کر لیا جائے، بجلی مہنگی ہوچکی، پیٹرول بھی مہنگا ہوگیا، گیس موجود نہیں ہوتی، اب مرغی اور گائے کے گوشت کی قیمت میں بھی زیادہ فرق نہیں رہا ہے۔

واضح رہے کہ اکثر دکاندار گوشت مہنگا ہونے کا ملبہ پولٹری فارمرز پر گراتے ہیں، ان کا کہنا ہوتا ہے کہ مرغی پولٹری فارم سے ہی مہنگی آرہی ہے جبکہ فارمرز فیڈ مہنگی ہونے کا کہہ کر مرغی کا ریٹ بڑھاتے ہیں۔