کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

548

کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع کی 63 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ شروع ہو گئی، پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔

مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر انتخابات کے لیے 434 امیدوار میدان میں ہیں، کراچی ڈویژن کی 11 یو سی چیئرمین وائس چیئرمین اور وارڈ ممبر کی 15 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام نے بتایا کہ پولنگ کے لیے عملے کی ایک بڑی تعداد کو گزشتہ روز ضلع وسطی، غربی، جنوبی، کورنگی اور کیماڑی میں موجود اِن 11 یو سیز کے لیے مختص 100 سے زائد پولنگ اسٹیشنز بھیج دیا گیا، سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 6 ہزار 707 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

جیکب آباد، کشمور، شکارپور، نواب شاہ، سانگھڑ، مٹیاری، ٹنڈوالہیار  اور جامشورو میں ایک ایک نشست پر پولنگ ہوگی جبکہ گھوٹکی، سکھر، خیرپور، بدین اور سجاول میں دو، دو نشستوں پر انتخاب ہوگا۔

نوشہروفیروز، دادو اور ٹھٹہ میں تین، تین نشستوں جبکہ حیدرآباد میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں دس نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

کراچی میں کورنگی میں 5، ملیر 1 اور ضلع شرقی کراچی میں 6 نشستوں پر پولنگ ہوگی، جنوبی میں 1، غربی 3، وسطی 3 اور ضلع کیماڑی کی 7 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا۔

ضلع وسطی میں یو سی 4 نیو کراچی، یو سی 6 نارتھ ناظم آباد اور یو سی 13 نیو کراچی بھی شامل، ضلع کورنگی میں یو سی 2، یو سی 3 شاہ لطیف ٹاؤن، یو سی 8 لانڈھی پر بھی انتخاب ہوگا، ضلع غربی میں یو سی 1 اورنگی، یو سی 2 اورنگی، یو سی 8 مومن آباد میں پولنگ ہوگی، ضلع جنوبی میں یو سی 2 اور ضلع کیماڑی میں یو سی 2 میں چیئرمین وائس چیئرمین کی مشترکہ نشست پر پولنگ ہوگی۔

یاد رہے کہ ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسل کی نشستوں پر امیدواروں کے انتقال سمیت دیگر وجوہات پر الیکشن نہیں ہوسکے تھے۔