کراچی میں شدید گرمی، شہریوں کو غیر ضروری گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت

655

کراچی: شہر میں جاری شدید گرمی اور درجہ حرارت میں مزید اضافے کے پیش نظر ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے سے شہریوں بالخصوص چھوٹے بچوں، ضعیف اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کی حالت غیر ہو سکتی ہے لہذا بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے اگر ضروری کام ہو تو گیلے کپڑے سے سر اور جسم ڈھانپ کر باہر نکلا جائے۔

طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ جسم میں نمکیات کو پورا کرنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور  مرغن غذاؤں کے بجائے سادہ کھانا سبزیوں ، دہی ، لسی، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 9 مئی سے دیہی سندھ میں شدید گرمی کی غیر معمولی لہر آسکتی ہے،12 مئی کو وسطی اور بالائی سندھ میں ہیٹ ویو کا ہوسکتا ہے،جس کے دوران گرمی کا پارہ 44ڈگری سے بھی زائد ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے،تین روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36سے38ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مئی کا پورا مہینہ گرم گزرے گا،جون کے وسط سے پری مون سون کے تحت بارشیں ہوسکتی ہیں، یکم جولائی سے مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے، مون سون کی بارشوں کا دورانیہ ستمبر کے وسط تک برقراررہ سکتا ہے۔