ڈی آئی خان: انتہائی مطلوب دہشت گرد پولیس مقابلے میں ہلاک

469

ڈیرہ اسماعیل خان: انٹیلی جنس کی پیشگی اطلاع پر خیبر پختونخوا پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی میں القاعدہ اور ٹی ٹی پی کھیارہ گروپ کاانتہائی مطلوب دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق دہشت گرد اقبال عر ف بالی کھیارہ پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ اور بر وقت کارروائی کے نتیجے میں ساتھی سمیت فتح موڑ کے قریب مارا گیا۔ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی 26   وارداتوں میں خیبرپختونخوا اور پنجاب پولیس کو مطلوب  اقبال عرف بالی کھیارہ کی زندہ یا مردہ گرفتاری کے لیے ایک کروڑ  5 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان تھا۔

انتہائی مطلوب دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ اسماعیل خان کو دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، پولیس اہلکاروں اور مسلکی بنیاد پر افراد کوتاوان کی غرض سے اغوا کے21   اور ملتان پولیس کو 5مقدمات میں مطلوب تھا۔  پولیس حکام کے مطابق اقبال عرف بالی حالیہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹراما سنٹر خود کش دھماکے میں بھی ملوث تھا۔

بتایا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد اقبال عرف بالی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ دہشت گرد کی ہلاکت خیبر پختونخوا پولیس کی رواں برس کی سب سے بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔