کراچی: میٹرک کے سالانہ امتحانات8مئی سے شروع ہونگے،4 لاکھ امیدوار شرکت کرینگے

399
exams

کراچی: بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت نویں ،دسویں سائنس اور جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات 8مئی سے شروع ہونگے، ایڈمٹ کارڈز بورڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن جاری کر دیئے گئے،تقریبا 4لاکھ امیدوار شریک ہونگے۔انتظامات مکمل کرلئے جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144کے نفاذ کے لیئے محکمہ داخلہ سندھ اور کمشنر کراچی کو خطوط لکھ دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی نے سالانہ امتحانات کے انعقاد کےلئے 500سے زائد امتحانی مراکز قائم کر دیئے ہیں۔ 20حب سینٹرز بنائے گئے ہیں جہاں سے دیگر مراکز کو امتحانی پرچوں کی ترسیل ہوگی،نقل کی روک تھام کے لیئے ویجلینس اور سپر ویجلنس ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق 8مئی سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات 2023کے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں۔رواں برس انرولمنٹ میں تقریبا 15ہزار کا اضافہ ہوا ہےاور چار لاکھ کے لگ بھگ امیدواروں نے امتحانی فارم جمع کرا دیا ہے،نویں دسوں سائنس گروپ میں میں تقریبا 187000 لڑکے اور 182000لڑکیاں شریک ہونگی۔جنرل گروپ پرائیویٹ اور ریگولر میں تقریبا37500لڑکے اور 22000لڑکیاں شرکت کرینگی،ان امیدواروں کے لیئے تقریبا 500سے زائد امتحانی مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میٹرک بورڈ: امتحانی مراکز کا سامان جاری کرنے کا شیڈول

چیئرمین بورڈ پروفیسر سید شرف علی شاہ،سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق اور ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے عید کی چھٹیوں اور اس کے بعد آنے والی تعطیلات میں بھی امتحانی تیاریوں کے لیئے دفاتر کھلے رکھے ہوئے ہیں تاکہ امتحانات بروقت اور احسن طریقے سے منعقد ہوسکے۔

بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق نویں اور دسویں کے ایڈمٹ کارڈز بورڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن جاری کر دیئے گئے ہیں،آج منگل سے امتحانی مواد بھی امتحانی مراکز کے حوالے کردیا گیا،نقل کی روک تھام کے لیئے ویجلینس ٹیموں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ایک سپر ویجلینس ٹیم چئیرمین بورڈ پروفیسر سید شرف علی شاہ کی سربراہی میں کام کرے گی جس میں سیکریٹری بورڈ،ناظم امتحانات اور بورڈ کے دیگر افسران کے علاوہ محکمہ تعلیم کے اعلی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شامل ہونگے۔

صوبائی وزیر بورڈزو جامعات محمد اسماعیل راہوبھی امتحانی مراکز کا دورہ کرینگے،دوران امتحان بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے کے الیکٹرک کو خط لکھ دیا گیا ہے جبکہ دوران امتحان امن وامان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیئے آئی جی سندھ اور ڈی جی پاکستان رینجرزسندھ کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں،جبکہ دوران امتحان امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144کے نفاذ کے لیئے محکمہ داخلہ سندھ اور کمشنر کراچی کو خطوط لکھ دیئے ہیں۔