آئینی اور قانونی طور پر شہباز شریف کی نااہلی اب نوشتہ دیوار ہے، پرویز الہی

270
عمران خان کا آنے والی سیاست میں بڑا اہم رول ہو گا، چودھری پرویزالٰہی

لاہور:تحریکِ انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ آئینی اور قانونی طور پر شہباز شریف کی نااہلی اب نوشتہ دیوار ہے۔

تفصیلات کے مطابق ، چیف جسٹس کے اختیارات محدود کرنے کے لیے غیر آئینی بل کی پارلیمنٹ میں منظوری جمہوریت کی نفی ہے،سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی، فنڈز جاری نہ کر کے شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہو چکے، پی ڈی ایم کا ٹولہ آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، تاریخ ان سے حساب لے گی، پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین طاہر جاوید سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ سپریم کورٹ اور آئین ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم اداروں کو لڑانے کی سازش میں ناکام ہو گی۔

پرویز الہی نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال مشکل گھڑی میں سرخرو ہوں گے، قوم ان کے ساتھ ہے، نواز شریف انتقامی سیاست کر رہے ہیں، ان کا مقصد عمران خان سے بدلہ لینا ہے، نواز شریف کبھی اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

[انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال کا انتظار ہے، عوام آئین اور عدلیہ کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر آنے کو تیار ہیں، الیکشن کے لیے فنڈز پارلیمنٹ کو نہیں وزیرِ اعظم اور وزیرِ خزانہ نے جاری کرنے ہیں، پارلیمنٹ عملی طور پر سپریم کورٹ کے خلاف پی ڈی ایم کا کیمپ آفس بن چکی ہے۔

صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ اسپیکر راجہ پرو یزاشرف جاگیں، آئین کی 50ویں سالگرہ کے نام پر پارلیمنٹ میں گرینڈ سیاسی ڈرامہ رچایا گیا، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کی موجودگی میں عدلیہ کی تضحیک کی گئی، جسٹس اطہر من اللہ اپنے نوٹ میں تسلیم کر چکے ہیں کہ 90روز میں الیکشن پر معزز ججز میں کوئی اختلاف نہیں۔