بیمار ہتھنی نورجہاں کو سفاری پارک منتقل کیا جائے گا، ڈاکٹر عامر خلیل

342

کراچی:بیمار ہتھنی نورجہاں کے لیے مٹی کراچی کے چڑیا گھر پہنچا دی گئی، اس سے قبل نورجہاں کو جس جگہ رکھا گیا تھا وہاں مٹی نہیں تھی، ادھر بین الاقوامی تنظیم فور پاز کی ٹیم سفاری پارک کا دورہ مکمل کر کے کراچی زو پہنچ گئی۔

کراچی چڑیا گھر میں بیمار ہتھنی نور جہاں کی صحت کا جائزہ لیا۔اس سے قبل ہتھنی نورجہاں کو چڑیا گھر سے منتقل کرنے کے سلسلے میں بین الاقوامی تنظیم فور پاز کی 5 رکنی ٹیم کراچی کے سفاری پارک پہنچی تھی۔

اس موقع پر ٹیم کے ارکان کو سفاری پارک کے عملے نے انتظامات پر بریفنگ دی۔ڈائریکٹر سفاری پارک کنور ایوب اور چڑیا گھر کے حکام بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔فور پاز کی ٹیم نے ہاتھیوں کے لیے مختص اراضی کا معائنہ کیا۔

سفاری پارک کراچی کی انتظامیہ نے بتایا کہ سفاری پارک میں ہتھنی نورجہاں کے لیے جگہ کا تعین کیا جائے گا۔رکن فور پاز ڈاکٹر عامر خلیل نے اس موقع پر کہاکہ کراچی چڑیا گھر میں ہتھنی نورجہاں کے لیے ماحول بہتر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت میں بہتری کے بعد نورجہاں کو سفاری پارک منتقل کیا جائے گا۔ڈائریکٹر سفاری پارک کنور ایوب نے میڈیاسے بات چیت میں کہا کہ پہلے بھی تجویز دی گئی تھی کہ چڑیا گھر سے ہاتھیوں کو سفاری پارک لایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جیسے ہی نورجہاں کی صحت بہتر ہوگی اسے سفاری پارک لے آئیں گے، سفاری پارک میں بہترین اور پرامن ماحول ہے۔ڈائریکٹر سفاری پارک نے کہاکہ ٹیم فورپاز کی تجاویز کے مطابق ہتھنی کی طبی امداد جاری رہے گی، ایک ایکڑ تک کی زمین ایک ہاتھی کے لیے کافی ہوتی ہے۔